ابنا: علی لاریجانی نے آج یورپ کے پروپیگنڈے کے خلاف اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوۓ کہا ہےکہ ایران نے ثابت کردیا ہے کہ وہ یورپ کے اناڑی پن پر مبنی اقدامات سے ہرگز مرعوب نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ یورپ کی جانب سے یہ پروپیگنڈہ کیا جارہا ہےکہ ماسکو میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان عنقریب ہونے والے مذاکرات مشترکہ امور پر اتفاق راۓ پیدا کرنے اور ایران کے ساتھ اختلافات حل کرنے کا آخری موقع ہے۔
علی لاریجانی نے ایٹمی مذاکرات میں پیشرفت کی راہ میں یورپ کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کۓ جانے پر تنقید کرتے ہوۓ اس بات پر زور دیا کہ یہ امریکہ کی ایک سفارتی پسپائي شمار ہوتی ہے کیونکہ ایک جانب تو وہ مذاکرات پر اصرار کرتا ہے اور دوسری جانب مذاکرات کے انعقاد سے پہلے ہی ان کے بے نتیجہ ہونے پر زور دیتا ہے۔
علی لاریجانی نے رہبر انقلاب اسلامی کے اس حالیہ فرمان پر تاکید کرتے ہوۓ کہ امریکہ ایٹمی ایران سے نہیں ڈرتا ہے بلکہ اسلامی ایران سے ڈرتا ہے کہا کہ امریکہ کو اس بات کی تشویش لاحق ہے کہ مسلمان اقوام ایران کے اسلامی انقلاب کو اپنے لۓ نمونۂ عمل قرار دے رہی ہیں کیونکہ انقلاب سامراج کے خلاف مسلمان اقوام کی وحدت کا باعث ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر علی لاریجانی کو نویں پارلیمنٹ کا اسپیکر منتخب کرلیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی اور حداد عادل کے درمیان مقابلہ تھا کل ڈالے گۓ دو سو ستر ووٹوں میں سے علی لاریجانی کے حق میں ایک سو ستتر ووٹ پڑے جبکہ حداد عادل کو نواسی ووٹ ملے ۔ جس کے نتیجے میں علی لاریجانی ایک بار پھر پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب ہوگۓ ہیں۔....... /169